لاہور:(دنیا نیوز ) پنجاب کے سرکاری سکولوں میں سکول میل(کھانا) پروگرام کا آغاز آئندہ ماہ ہوگا۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ سکول میل(کھانا) پروگرام پہلے مرحلے میں 3 اضلاع میں شروع ہوگا، ابتدائی طور پر جنوبی پنجاب کے 3 اضلاع میل پروگرام میں شامل ہیں، ان اضلاع میں ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور کے سرکاری سکولوں میں بچوں کو دودھ اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سکول میل پروگرام کو مرحلہ وار تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا، جنوبی پنجاب کے اکثر اضلاع میں بچے ذہنی اور جسمانی لحاظ سے کمزور ہیں، کمزور طلبہ کی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے دودھ اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔
رانا سکندر حیات کا مزید کہنا تھا کہ سکول میل پروگرام سے تمام پبلک سکولوں کے طلبہ مستفید ہوں گے، میل پروگرام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مستند کمپنی کے انتخاب اور اشتراک سے سکول میل پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی، جس کیلئے مشاورت جاری ہے۔