رحیم یارخان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان جا کر کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی فرداً فرداً تمام زخمی پولیس اہلکاروں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی، محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہا۔
محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے ہدایات دیں۔
انہوں نے اہلکاروں سے کہا کہ آپ کے عزم اور حوصلے کو سراہتا ہوں، آپ پنجاب پولیس کے بہادر سپوت ہیں، شہید پولیس اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دیا جائے گا، اس ضمن میں ہم نے سفارش کر دی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جنہوں نے یہ حملہ کیا ہے ان کا عبرتناک و برا انجام ہو گا، یہ پاکستان کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے، وفاقی حکومت تمام تر معاونت فراہم کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، رینجرز بھی موجود ہے۔