لاہور: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ میں نجومی نہیں جو بتا سکوں حکومت مدت پوری کرے گی یا نہیں۔
سربراہ جے یو آئی (ف ) مولانا فضل الرحمان نے صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے میرے پاس اس کی معلومات نہیں ہیں، سکیورٹی ایجنسیاں بہتر بتاسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور دیگر چھوٹے صوبوں میں وسائل اور مسائل کو دیکھنے کی ضرورت ہے، ہر صوبے کے وسائل پر مقامی لوگوں کا حق ہونا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آصف زرداری ضرور تشریف لائے ، ہم نے بھائیوں کی طرح ان سے ملاقات کی، اس پارلیمان کو عوام کا نمائندہ نہیں سمجھتا، میں نجومی نہیں جو بتا سکوں حکومت مدت پوری کرے گی یا نہیں۔
پی ٹی آئی سے مفاہمت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سےبات چیت چل رہی ہے، 12 سال ہماری مخالفت رہی ہے دنوں کے اندر اتنی جلدی معاملات درست نہیں ہوسکتے، 9 مئی کے حوالے سے ریاستی اداروں کو فیصلہ کرنا ہے۔
قبل ازیں مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی، اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے و صوبائی وزیر چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔