کوئٹہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی گورنر ہاؤس بلوچستان پہنچے جہاں انہوں نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کی، ملاقات میں بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی پرزور مذمت کی گئی جبکہ شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے ہر سطح پر فوری اقدامات کئے جائیں گے، ایپکس کمیٹی میں فیصلہ ہوا ہے کہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے اور آئین پاکستان کو ماننے والوں سے صرف بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اور اس فتنے کا سر سختی سے کچلا جائے گا، وزیر اعظم کی صدارت میں ایپکس کمیٹی میں ریاست کو نہ ماننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کسی گروہ سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، ریاست کی رٹ کسی کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے، بلوچستان کی سکیورٹی فورسز، فرنٹیئر کور، پولیس اور لیویز کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا،بلوچستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کا وقت آگیا ہے، ہمارے لوگوں کو شہید کرنے والوں کو بھاگنے یا چھپنے نہیں دیں گے۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام ایک ہیں، چند عناصر امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، جعفر خان مندوخیل نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کئے فیصلوں کو بروقت اور قیام امن کے لئے ناگزیر قرار دیا۔