پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کی حکومت نے وزیراعلیٰ کی مشیر سماجی بہبود اور تحریک انصاف کی رہنما مشال یوسفزئی کو صوبائی کابینہ سے ڈی نوٹیفائی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے سماجی بہبود کی مشیر مشال یوسفزئی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی سمری گورنر فیصل کریم کنڈی کو بھجوا دی، گورنر خیبرپختونخوا نے تصدیق کی ہے کہ صوبائی مشیر مشال یوسفزئی کو کابینہ سے ڈی نوٹیفائی کرنے کی سمری گورنر ہاؤس کو موصول ہوگئی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی مشیر کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی سمری کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لوں گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشال یوسفزئی پارٹی کے مرکز میں زیادہ مصروف ہوتی تھیں اور اور سینئر قیادت کو تحفظات تھے اور اس سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی آگاہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں مشال یوسفزئی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں اور زکوٰۃ و عشر نے خیبرپختونخوا حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے برخلاف اپنے لئے اور سیکرٹری کے لئے گاڑی خریدنے کی اجازت مانگی تھی۔