لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور راسخ الہٰی اور زارا الہٰی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے کیس میں تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست میں وزارت داخلہ کو بذریعہ سیکرٹری، ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الہٰی پر درج مقدمات کی عدالتوں سے ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں، 20 ستمبر سے 5 اکتوبر تک عمرہ اور یو کے کیلئے جانا چاہتے ہیں، پرویز الہٰی سمیت دیگر کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ہونے کے باعث بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
عدالت سے استدعا ہے کہ پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے کے اقدام کو کالعدم قرار دیتے ہوئے لسٹ سے ناموں کو نکالنے کا حکم دیا جائے۔