اسلام آباد :(دنیا نیوز ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے صوبے پی ایس ڈی پی منصوبوں کے لیے لائحہ عمل تیار کریں۔
ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت بلوچستان میں پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں احسن اقبال کو بلوچستان میں جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ صوبے اپنی ترجیحات کے مطابق پی ایس ڈی پی منصوبوں کے لیے لائحہ عمل تیار کریں، پوری کوشش ہے کہ صوبہ بلوچستان کے منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال پر اہم اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، مقامی افراد کو ہی ایف سی کی خدمات سونپی جائیں اور انہیں ضروری تربیت فراہم کی جائے، جن منصوبوں پر ستر فیصد کام ہو چکا ہے انھیں ترجیحاتی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ سپارکو کی مدد سے ملک میں موجود پندرہ سال قبل اور آج کے ڈیموں پر رپورٹ تیار کی جائے، بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوام کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔