اسلام آباد:(دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی۔
این ڈی ایم اے کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ بارشوں کا سلسلہ 3 تا 4 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج رات سے کل تک موسلادھار بارشوں کی توقع گلیات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، چترال، دیر، سوات کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ شانگلہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، نوشہرہ، پشاور، صوابی کے ندی نالوں کے بہاؤ میں بھی اضافہ متوقع ہے ۔
دوسری جانب اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، چکوال میں بھی شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ، نشیبی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے، حکام نے شہریوں سے سیلاب اور بارش کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کیلئے ضروری احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی ہے۔