اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈانگ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین سٹریٹجک تعلقات میں مسلسل بہتری اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن کے لئے مل کر کام کرنے کا چینی قیادت کا ویژن لائق تحسین ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان چین کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جدید زراعت و دیگر شعبوں میں اشتراک کے فروغ کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔