لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے نوجوانوں کو مالی طور پر خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں نوجوانوں کو قابل قدر ہنرمند افرادی قوت بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے روڈ میپ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب میں چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، نوجوانوں کو سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے آئی ٹی سکلز اور آن جاب ٹریننگ دی جائے گی، انٹرن شپ اور آئی ٹی سکلز کے لئے نوجوانوں کے کورسز میں داخلہ کا پراسیس میرٹ بیسڈ ہو گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے نوجوانوں کو مالی طور پر خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا جائے گا، ہنرمند نوجوان ملک کا قابل قدر سرمایہ ہیں، عالمی جاب مارکیٹ میں مسابقت کے لئے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور نئے دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے گی۔