اٹک اور چکوال میں سونے کی کان کنی اور درختوں کی کٹائی پر دفعہ 144 نافذ

اٹک اور چکوال میں سونے کی کان کنی اور درختوں کی کٹائی پر دفعہ 144 نافذ

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع اٹک میں سونے کی بغیر اجازت کان کنی پر پابندی عائد جبکہ ضلع اٹک کی حدود میں دریائے سندھ کے اطراف سونے سمیت تمام معدنیات کی بلا اجازت کھدائی پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ۔

کان کنی یا کھدائی کی مشینری کی نقل و حمل پر بھی 2 ماہ کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے ۔

پلیسر گولڈ قومی خزانے کیلئے اہم ترین معدنیات میں سے ایک ہے ، حکومت پنجاب نے ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی اور نقل و حمل پر بھی پابندی عائد کر دی ، اس پابندی کا اطلاق نجی اور سرکاری دونوں زمینوں پر ہوگا ۔

ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی کیساتھ ٹمبر کی نقل و حمل پر مکمل پابندی ہوگی، محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 60 روز کیلئے ہوگا۔

 حکومت پنجاب نے قدرتی ماحول، مقامی آبادی اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے ، بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات بڑھا رہی ہے۔