پشاور: (دنیا نیوز) افغان قونصلیٹ کے عہدیداروں کی بدتہذیبی اور سفارتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی، رحمت العالمین کانفرنس میں قومی ترانے کے دوران بیٹھے رہے۔
افغان قونصلیٹ کے عہدیداروں کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے رحمت العالمین کانفرنس پر پشاور میں دعوت دی تھی جس میں افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر پاکستان کے قومی ترانے کے دوران سفارتی پروٹوکول کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بے شرمی کے ساتھ اپنی سیٹ پر بیٹھے رہے۔
قومی ترانے کا احترام نہ کر کے افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر نے اعلان کیا ہے کہ اسکو پاکستان اور پاکستانی قوم کا کوئی احترام نہیں یہ غیر معمولی واقعہ ہے اور سفارتی آداب کے بالکل برخلاف ہے کسی مہذب معاشرے میں ایسی حرکت خلاف تہذیب ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس شخص کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر پاکستان سے بھیجا جائے اس کے علاوہ دعوت دینے والی خیبرپختونخوا حکومت پر بھی سوال اٹھتا ہے کہ کیا انہیں پاکستان کی عزت اور سفارتی آداب کا کوئی خیال نہیں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ محکمہ خارجہ کو اس واقع کا نوٹس لینا چاہیے اور سفارت کاری اصولوں کی خلاف ورزی پر ڈیمارش دینا چاہیے۔