لاہور: (دنیا نیوز) میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ میں نقل کی روک تھام کیلئے بڑا اقدام اٹھا لیا گیا، پنجاب میں داخلہ ٹیسٹ کے دوران موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہے گی۔
وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت پنجاب کی سفارش پر پی ٹی اے کو ہدایات جاری کر دیں، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کیلئے پنجاب کے 26 امتحانی مراکز کی لوکیشنز پی ٹی اے کو ارسال کر دی گئیں، محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کی سفارش پر وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھا تھا۔
داخلہ ٹیسٹ کیلئے پنجاب کے 12 اضلاع میں 26 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں، امتحانی مراکز کے 500 میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی، پنجاب کے 12 اضلاع میں قائم امتحانی مراکز میں 82 ہزار 500 امیدوار امتحان میں شامل ہوں گے۔
ان اضلاع میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات اور رحیم یار خان شامل ہیں، امتحانی مراکز کے گرد موبائل سگنلز صبح 9:30 سے دوپہر 1:30 تک معطل رہیں گے۔
پنجاب کے 12 شہروں میں اتوار (22 ستمبر) کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا داخلہ ٹیسٹ منعقد ہو گا۔