اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں بارش کے بعد راول ڈیم میں پانی کے ذخائر کی سطح 1752 فٹ تک پہنچ گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راول ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا، راول ڈیم کے سپل ویز کل صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر جاری کر دی گئیں، جس کے مطابق شہری ندی نالوں کی جانب جانے سے اجتناب کریں، نشیبی علاقوں کے مکین احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
احتیاطی تدابیر کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فی الفور 16 پر رابطہ کریں، مال مویشی کو بروقت محفوظ مقام پر منتقل کر لیا جائے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ندی نالوں اور پلوں کی سخت مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی تیاری مکمل ہے۔