اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی ملاقات ہوئی، نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، معیشت، بینکنگ سیکٹر، فوڈ ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں ممالک نے دوطرفہ اہمیت کے امور پر تعاون پر بھی اتفاق کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان ملائیشیا کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
صدر مملکت نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کو فلسطینی عوام کی نسل کشی اور ان پر مظالم کے ارتکاب سے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
اس موقع پر ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بہت اچھی بات چیت ہوئی۔
واضح رہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم علامہ اقبال کو پڑھنے کے شوقین ہیں، وزیر اعظم انور ابراہیم اپنے پورے سیاسی کیرئیر میں انسانی مقاصد اور اسلامی اقدار کے حامی رہے ہیں۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم حقِ خود ارادیت کی تحریکوں کے حامی رہے ہیں، صدر مملکت نے ملایشیا کے وزیر اعظم اور اُن کے وفد کیلئے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔