سینیٹ کے بعد 26ویں آئینی ترامیم کی منظوری کیلئے شق وار منظوری کا عمل شروع

Published On 20 October,2024 11:35 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) سینیٹ کے بعد 26ویں آئینی ترامیم کی منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں شق وار منظوری کاعمل شروع ہوگیا۔

 اجلاس کی صدارت سپیکر ایاز صادق کررہے ہیں، اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف ، نوازشریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، حمزہ شہباز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زردای  سمیت دیگر اراکین اسمبلی موجود ہیں۔

نوازشریف کی آمد پر مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی نے ’شیر آیا شیر آیا‘ کے نعرے بھی لگائے، نوازشریف نے بلاول بھٹو زرداری سے بڑی گرم جوشی کے ساتھ مصافحہ بھی کیا۔

اجلاس کے دوران ایوان میں 26ویں آئینی ترامیم کی منظوری کیلئے ووٹنگ کرائی جائے گی ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان، اپوزیشن لیڈر عمرایوب اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا بھی ایوان میں پہنچ گئے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم تارڑ نے 26ویں آئینی ترامیم کا بل منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم تارڑ کی طرف سے معمول کی کارروائی معطل کرنے کی تحریک پیش کی گئی جسے منظور کرلیا گیا۔