اسلام آباد: (دنیانیوز) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مثبت اور کلیدی کردار کو سراہا ہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم دونوں ایوانوں سے منظور ہونے پر تمام اتحادی جماعتوں اور شراکت داروں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان، وزیر اعظم شہباز شریف اور تمام افراد کا شکریہ جن کی قیادت اور محنت کے بدولت یہ سنگ میل حاصل ہوا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اس سارے عمل میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مثالی قیادت پر پوری پیپلز پارٹی کو فخر ہے، ہم میثاق جمہوریت میں کیے گئے عدالتی اصلاحات کے وعدے کو پورا کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں جیسا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے تصور کیا تھا۔
رہنما پیپلزپارٹی کاکہناتھا کہ مجھے بے حد خوشی ہوئی کہ اجتماعی حکمت اور دانائی 26ویں آئینی ترمیمی بل کی حمایت میں اکٹھی ہوئی، اکثریت نے ایوان نے 22 کلیدی شقوں کے حق میں ووٹ دیا ہے، نئی قانون سازی ہمارے عدل کے نظام کو مضبوط بنانے، مساوات اور نمائندگی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری آئینی اصلاحات کے لیے تمام جماعتوں کی لگن کی عکاسی کرتی ہے جو تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا باعث بنے گی، یہ اصلاحات ہماری قوم کے بہتر مستقبل کو تشکیل دیں گی اور ہماری جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کریں گی۔