لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے نواحی قصبے رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کا آج سے آغاز ہو گیا، اجتماع 3 نومبر کی صبح 8 بجے اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔
رائے ونڈ کے عالمی تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور، پشاور، ملتان اور کوئٹہ کے علاوہ بیرون ملک سے لاکھوں مندوبین شرکت کریں گے۔
اجتماع کے موقع پر سکیورٹی کے لیے پولیس سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کے جوان مامور ہیں، اس کے علاوہ تبلیغی جماعت کے رضا کار بھی سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے رائے ونڈ میں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کے لیے ٹریفک کےانتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق ایس پی صدر شہزاد خان کی نگرانی میں 13 ڈی ایس پیز، 203 ٹریفک انسپکٹرز ،110 پٹرولنگ افسران اور 999 ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 7 سٹینڈز مختص کئے گئے ہیں۔
دوسرے شہروں سے آنے والے شرکاء موٹروے اور لاہور رنگ روڈ استعمال کریں گے، جی ٹی روڈ اور راولپنڈی، اسلام آباد کی طرف سے آنے والے شرکاء کو براستہ کالا شاہ کاکو انٹرچینج موٹروے کے ذریعے ٹھوکر نیاز بیگ بھجوایا جا رہا ہے جبکہ اوکاڑہ کی طرف سے آنے والے شرکاء براستہ مانگا بائی پاس رائےونڈ اجتماع میں پہنچ رہے ہیں۔