لاہور: (دنیا نیوز) سموگ کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور میں بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ضلعی انتظامیہ فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے، انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے تحت آلودگی کے خلاف احتیاطی اقدامات جاری ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آج سے تجارتی مارکیٹیں اور بیرونی سرگرمیاں بند رہیں گی، خلاف ورزی پر پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے تحت کارروائی ہو گی، ہر قسم کے کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات پر پابندی ہو گی، ریسٹورنٹس کی ڈائننگ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تاہم مذہبی اجتماعات مستثنیٰ ہوں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے جبکہ میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور کریانہ سٹورز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
لاہور میں بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف گراسریز اور میڈیکل سیکشن کھلے رہیں گے، ان احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی، یہ احکامات آج سے 17 نومبر تک نافذ العمل رہیں گے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے عوام سے سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیرضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، سموگ کے باعث سانس کی بیماریوں سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر سموگ سے محفوظ رکھیں، سموگ کے دوران گھروں میں رہیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں، گاڑیوں کے غیرضروری استعمال سے گریز کریں اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کی صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے، شہریوں کا تعاون ہماری کامیابی کی ضمانت ہے، مل کر سموگ کا مقابلہ کریں گے۔