پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے خلاف اثاثہ جات کیس میں ان کے وکیل کو تیاری کا وقت دینے کی درخواست منظور کر لی۔
پشاور ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو اثاثہ جات کیس میں الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ ان کو نوٹس جاری کیا کہ آپ آئیں اور ہمارے ساتھ ایک کپ چائے پیئیں اور کچھ نہیں لکھا۔
وکیل نے کہا کہ ان کی گومل ڈیم کے پاس زمین ہے، جو یہ قانونی طور پر نہیں لے سکتے، اس کا معاملہ ہے، علی امین کہہ رہے ہیں کہ زمین بیچ دی ہے اب وہ اس کے مالک نہیں جبکہ یہ 735 کنال زمین ہے اور آصف نامی شخص بے نامی دار تھا۔
ملک اختر حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ مجھے آج فائل ملی ہے اس کیس میں وکالت نامہ جمع کروں گا، مجھے تھوڑا وقت دے دیں۔
بعدازاں پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وکیل کی مہلت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔