لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے سموگ تدارک کیس میں کہا ہے کہ عدالتی حکم عدولی کرنے والے سکولوں کو چلنے نہیں دیں گے۔
لاہور ہائی کورٹ نے سموگ تدارک کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، سموگ تدارک کے حوالے سے سماعت کا 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس شاہد کریم نے جاری کیا۔
فیصلے میں عدالت نے تعلیمی اداروں میں سکول بسیں چلانے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق موسم سرما کی تعطیلات کے بعد عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے والے سکولوں کو چلنے نہیں دیا جائے گا، محکمہ ٹرانسپورٹ بھاری گاڑیوں کا باقاعدگی سے معائنہ کرے اور گاڑیوں کے متواتر معائنے اور ڈیٹا کے لیے پالیسی وضع کرے۔
فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ پی ایچ اے لاہور میں کونو کارپس نامی پودے کی شجرکاری بند کر کے اس کے درخت اکھاڑے گی، ان پودوں کی جگہ دیسی درخت لگائے جائیں گے، محکمہ تحفظ ماحولیات نے عدالت کو بتایا کہ سٹون کرشنگ پر مکمل پابندی ہے۔