نیب کا بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ، ٹیم خیبر پختونخوا بھجوا دی

Published On 28 November,2024 09:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی کی ٹیم کو خیبر پختونخوا بھجوادیا گیا ہے، بشریٰ بی بی کو 190ملین پاؤنڈ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر گرفتار کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم 3 روز قبل بھی خیبر پختونخوا میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی کوشش کرتی رہی، آج دوبارہ سے نیب کی ٹیم گرفتاری کیلئے تشکیل دی گئی۔

نیب خیبر پختونخوا کو بھی ٹیم سے مکمل تعاون کی ہدایت جاری کی گئی ہے، بشریٰ بی بی کی گرفتاری کیلئے نیب خیبر پختونخوا پولیس کی بھی مدد لے گی۔