وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب، 21 نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا

Published On 02 December,2024 09:33 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شام 4 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے جس میں 21 نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔

ذرائع کے مطابق ایجنڈے میں بگاس سے بجلی بنانے والے 8 پاور پلانٹس کے ٹیرف کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا، ان آٹھ کمپنیوں میں جے ڈی ڈبلیو، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر، الموعیز، انڈسٹری، تھل انڈسٹریز اور چنار انرجی شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران ٹیکس کے حصول کیلئے کئے گئے اقدامات پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی، وزراء اور وفاقی سیکرٹریوں کو بیرون ملک بزنس کلاس پر سفر کی اجازت پر غور ہوگا، سٹیٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل 2024 کی منظوری پر بھی فیصلہ ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بیرون ملک پاکستان چیئرز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کی تجدید کی منظوری کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی متوقع ہے۔

اجلاس میں مارکیٹ میں یوریا قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کابینہ کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو اسٹریٹجک ریاستی ادارہ قرار دیا جائے گا، ادویات کیلئے قومی قیمت کمیٹی کی تشکیلِ نو پر بھی کابینہ بحث کرے گی۔