قوم کیلئے اچھی خبر، ملک میں 70ماہ بعد مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی: وزیراعظم

Published On 02 December,2024 06:52 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے ملک میں 70ماہ بعد مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی۔

اسلام آباد میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احتجاجوں سے پچھلے دنوں ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا ہوئی، اسلام آباد میں افراتفری کا سماں تھا، احتجاج کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج ختم ہوتے ہی اگلے روزسٹاک مارکیٹ بہتر ہوئی،مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر ہے،2018 کے بعد مہنگائی کی شرح4.9 کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، مہنگائی ہی وہی معاملہ جس سے غریب آدمی براہ راست متاثر ہوتا ہے ، مہنگائی کم ہونے کے بعد اب ہمیں گروتھ کی طرف بڑھنا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، فوج کی سرحدوں پر مکمل گرفت سے سمگلنگ زیرو ہو چکی ہے، چینی کی سمگلنگ نہ ہونے سے اس سال چینی کا بحران پیدا نہیں ہوا، اب ہم نے چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا  کہ گزشتہ حکومت میں ایک منچلےوزیر نے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا بیان دیا، اس بیان سےپاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔