کراچی :(دنیا نیوز)سابق وفاقی وزیراور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں بلاول کی وزیراعظم سے ملاقات اور مولانا کا مسئلہ حل ہونے کی امید ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بات چیت سے ہی مذاکرات آگے بڑھائے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا جیسے میں نے کوشش کی ویسے امید ہے کہ آنے والے دنوں میں وزیراعظم اور بلاول صاحب کی ملاقات، مولانا کے مسئلہ کا حل، ایم کیو ایم اور باپ کی نمائندگی اور پی ٹی آئی سے بات چیت سمیت جمہوری معاملات کو جمہوری طریقے سے ہی سر انجام دیا جائےگا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ یہی طریقہ ہے بات چیت کو آگے بڑھانے کا، امید کرتا ہوں کہ میری کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی اور سیاسی جماعتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گی اور انشااللہ میں یہ سب ہوتا ہوا بہت جلد دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان سیاسی معاملات بعد میں۔ اس کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔