چینی تاجروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سہولت فراہم کریں گے: مریم نواز

Published On 16 December,2024 02:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ چینی تاجروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین میں پنجاب بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی لیڈرشپ کی جانب سے بہترین مہمان نوازی کی گئی، چینی حکومت کی جانب سے مہمان نوازی کی بے حد مشکور ہوں، پاکستان اور چین کے دہائیوں پرانے مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی کرتی ہوئی معیشت ہمارے لئے قابل تقلید ہے، چینی حکومت کی سیاسی بصیرت اور ترقی سب کے لیے مشعل راہ ہے، صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ اور باصلاحیت قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ دورہ چین کے دوران چین کی لیڈر شپ اور مختلف کمپنیوں سے سیر حاصل گفتگو ہوئی، آئی ٹی، زراعت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال ہوا، چینی تاجروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بزنس کونسل دونوں ممالک کے درمیان اہم کردار ادا کرے گی، چینی سرمایہ کار اور تاجر پنجاب میں سرمایہ کاری کریں، پاکستان اور چین کے ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے، پنجاب کاروبار کیلئے کھلا ہے، پنجاب کی خوشحالی کی خاطر سرمایہ کاروں کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔