لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دورہ چین مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئیں۔
مریم نواز شریف چین کا 8 روزہ دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچیں،علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا زبردست استقبال کیا گیا، سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری ودیگر ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی دعوت پر چین کا 8روزہ کامیاب دورہ کیا۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے بیجنگ میں روبوٹک زرعی آلات بنانے والے ادارے کا دورہ کیا، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے منسٹر سے ملاقات اور ظہرانے میں شرکت کی، مریم نواز نے منسٹر ماحولیات سے بھی ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی کی میوزیم جنکو سولر کمپنی اور منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون کے دورے کئے، مریم نواز نے شنگھائی ایکسپریمنٹل سکول اور ہواوے ٹیکنالوجیز کا بھی دورہ کیا۔
مریم نواز شریف نے پنجاب چین انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کیا،چائنہ کی حکمران جماعت کے اعلیٰ سطح وفود سے ملاقاتیں کیں، ماحول دوست ٹرانسپورٹ، زراعت، ہیلتھ سمیت دیگر شعبوں میں چینی کمپنیوں سے ایم او یو پر دستخط ہوئے۔