26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتی نظام مفلوج ، ملک میں مارشل لاء ہے: اسد قیصر

Published On 31 December,2024 10:52 am

پشاور: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم نے عدالتی نظام کو مفلوج کردیا، ملک میں عملاً مارشل لاء نافذ ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پشاور آتے ہوئے خوشی محسوس کرتا ہوں ، مقدمات جعلی ، جھوٹ اور سیاسی انتقام پر مبنی ہیں، سیاسی لوگوں کے خلاف دہشتگردی اور بغاوت کے مقدمات بنائے جارہے ہیں، 26 نومبر کا تشدد پوری دنیا نے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ غریب پختون ریڑھی بان،ٹیکسی ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا، ان لوگوں سے انصاف کی کوئی توقع نہیں،26ویں آئینی ترمیم نے عدالتی نظام کو مفلوج کردیا ہے، عملاً اس وقت ملک میں مارشل لاء ہے، پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے دنیا میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل پر دنیا میں آوازیں اٹھ رہی ہیں، اوپن ٹرائل ہونے چاہئیں،وکلاء کی ذمہ داری ہے رہنمائی کریں، تمام مکاتب فکر کو آواز اٹھانا ہوگی، سپریم کورٹ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لینا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا ہے تب بات کرونگا جب میرے کارکنان کے ساتھ سلوک ٹھیک ہوجائے گا، 2 تاریخ کو مذکرات کا دوسرا دور ہو گا ، ہم نے حکومت کے سامنے دو مطالبات رکھے ہیں، عمران خان سمیت تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے، 9 مئی اور 26 نومبر پر عدالتی تحقیقات کی جائیں۔