اسلام آباد: (دنیا نیوز) نادرا کی جانب سے پہلی بار 10 سال سے زائد عمر کے بچوں کیلئے خصوصی سکیورٹی فیچرز کے حامل ب فارم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خصوصی ب فارم رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا اجراء مرحلہ وار 15 جنوری سے ہوگا، نادرا کا محکمہ پاسپورٹ کے اشتراک سے بچوں کی انگلیوں کے نشانات اور تصویر کو ب فارم میں شامل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے بچوں کی شناختی معلومات کی چوری اورغلط استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی۔
محسن نقوی نے کہا یہ اقدامات بچوں کے جعلی شناختی کارڈ، غیرقانونی پاسپورٹ، انسانی سمگلنگ جیسے جرائم روکنے میں معاون ثابت ہوں گے، چیئرمین نادرا، ڈی جی پاسپورٹ اور پوری ٹیم کو مختصر مدت میں ب فارم میں اصلاحات متعارف کرانے پرمبارکباد دیتا ہوں۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق پہلے مرحلے میں 10 سال سے زائد اور 18 سال سے کم عمر بچوں سے 15 جنوری سے نادرا سینٹر پر انگلیوں کے نشانات اور تصویریں لی جائیں گی، ان بچوں کے ساتھ والدین میں سے کسی ایک یا قانونی سرپرست کا آنا لازم ہے، انہیں اپنے ہمراہ اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور بچے کا یونین کونسل یا ٹاؤن کمیٹی سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی لانا ہوگا۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نادرا میں ضروری کارروائی کے بعد بچے کا تصویر والا ب فارم جاری کیا جائے گا، 10 سال سے زائد اور 18 سال سے کم عمر بچوں کو نئے پاسپورٹ کی درخواست کے وقت نادرا سے جاری شدہ انگلیوں کے نشانات اور تصویر والا ب فارم بھی پیش کرنا ہوگا، پرانا ب فارم جس میں تصویر اور انگلیوں کے نشانات شامل نہیں مذکورہ بالا عمر کے بچوں کیلئے قابل قبول نہیں ہوگا۔