اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے عالمی سطح پر کاربن مارکیٹس میں تجارت کیلئے پاکستان پالیسی گائیڈ لائنز کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
وفاقی کابینہ نے کاربن مارکیٹس میں تجارت کے لیے پاکستان پالیسی گائیڈ لائنز کی منظوری 27 دسمبر کو دی تھی، وزارت موسمیاتی تبدیلی نے پالیسی گائیڈ لائنز کی منظوری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
کاربن مارکیٹس پالیسی کے تحت ماحولیاتی آلودگی سے پاک منصوبے (گرین پراجیکٹس) بنانے کے لیے صوبوں کی صلاحیتیں بڑھائی جائیں گی، پاکستان عالمی کاربن مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ کریڈٹ لے سکے گا۔
پاکستان کی کاربن پالیسی کے تحت گرین پراجیکٹس میں جنگلات، توانائی، ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے شامل کیے جائیں گے، ان منصوبوں کے ذریعے پاکستان عالمی کاربن مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ کریڈٹ لے سکے گا۔
پاکستان کی کاربن مارکیٹ میں حصہ ڈالنے کی پوری صلاحیت ہے، ملک میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے متعدد منصوبے زیر عمل ہیں، باکو میں ہونے والی کوپ 29 کانفرنس میں عالمی سطح پر کاربن کریڈٹ مارکیٹ کے رولز کو حتمی شکل دی گئی تھی۔