ڈی آئی خان:(دنیا نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں، خوارج کے سرغنہ شفیع اللہ شفیع سمیت پانچ خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، مارے گئے خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔