وزیر ہوابازی کا یورپی پروازوں کی بحالی پر سیکرٹری ایوی ایشن و دیگر حکام کو خراج تحسین

Published On 11 January,2025 10:06 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ہوا بازی خواجہ آصف نے یورپی پروازوں کی بحالی پر سیکرٹری ایوی ایشن،ڈی جی پی اے اے،ڈی جی سی اے اے اور سی او او اسلام آباد ایئرپورٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے سیکرٹری ایوی ایشن عرفان منگی،ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار کو تعریفی شیلڈ زدیں، خواجہ آصف نے سی او او آفتاب گیلانی کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا جبکہ سی ای او پی آئی اے نے بھی اندرونِ ملک آپریشنز کے لیے ملٹی پل جیٹیز کی فراہمی پر اظہارِ تشکر کیا۔

سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ پی آئی اے اور دیگر ایئرلائنز کو محدود سٹینڈز کے باعث مشکلات کا سامنا تھا، یورپی آپریشنز کی بحالی کے حوالے سے اسلام آباد ایئرپورٹ کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، پی آئی اے کی پیرس کیلئے افتتاحی پرواز کی تیاری میں ایئرپورٹ کی حمایت بے مثال ہے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ کے منفرد اقدام پر وزیر ہوابازی نے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی او او اسلام آباد ایئرپورٹ نے نیروباڈی جہازوں کے لیے اضافی پارکنگ سے سہولت اور آمدنی میں اضافہ کیا ۔

سی او او اسلام آباد ائیرپورٹ نے کہا کہ انتظامیہ نے چھوٹے طیاروں کی بڑے وائیڈ باڈی ایئرکرافٹ سٹینڈز پر پارکنگ ممکن بنائی ، اسلام آباد ائیرپورٹ حکام نے وائیڈباڈی اسٹینڈز نیرو باڈی کرافٹ پر کامیاب عمل کروا دیا، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 8 وائیڈ باڈی اسٹینڈز نیرو باڈی ایئر کرافٹ کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔