مریم نواز کا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام تاریخی کامیابی سے ہمکنار

Published On 26 January,2025 11:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام تاریخی کامیابی سے ہمکنار ہے۔

پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں 9 ہزار سے زیادہ افراد کو ساڑھے 8 ارب روپے سے زیادہ بلاسود قرض جاری گیا گیا جو چند ماہ کی مختصر مدت میں ساڑھے 8 ارب روپے کے مائیکروفنانس قرض کا منفرد ریکارڈ ہے۔

مختصر ترین مدت میں اپنی چھت، اپنا گھر کے پورٹل پر 4 لاکھ سے زائد درخواستیں مع ڈاکومنٹ جمع ہونے کا ریکارڈ بن گیا۔

اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے فیز ون میں 5 ہزار لون جاری کر دیا گیا، پروگرام کے تحت 5 ہزار سے زائد گھر تیزی سے تکمیل کے حتمی مراحل میں داخل ہیں، فیز ٹو میں ملنے والے 3 ہزار لون سے بھی گھرو ں کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اپنی چھت، اپنا گھر پورٹل پر ملنے والی درخواستوں کی تصدیق 3 غیر جانبدار مائیکر و فنانس ادارے کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے احکامات کے مطابق ایک سال میں ایک لاکھ اور پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر بنانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا، مریم نوازشریف نے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے اہداف حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ریاست ماں کے جیسی ہے اور ماں کو بے گھر بچوں کا زیادہ احساس ہوتا ہے، اپنی چھت، اپنا گھر پاکستان کا سب سے بہترین ہاؤسنگ پراجیکٹ ثابت ہوگا، دل چاہتا ہے کہ پنجاب میں کوئی بھی بے گھر نہ رہے، سب کے پاس اپنی چھت کا سکھ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر میں سفارش نہیں میرٹ پر قرض ملے گا، 15 لاکھ قرض حاصل کرنے والوں کو9 سال میں ماہانہ 14 ہزار قسط کی صورت میں اصل زر ہی ادا کرنا ہوں گے، پروگرام کے تحت بننے والے مکان دیکھ کر اتنی خوشی ہوتی ہے جیسے اپنا ہی گھر بن رہا ہو۔