گاڑیوں کی خریداری: ایف بی آر افسروں نے جان سے مارنے کی دھمکی دی، فیصل واوڈا

Published On 30 January,2025 06:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے الزام عائدکیا ہے کہ گاڑیوں کی خریداری رکوانے پر ایف بی آر افسروں نے جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ نے ایف بی آر افسران کیخلاف ایف آئی اے میں کریمنل انکوائری کرانے کی سفارش کر دی۔

چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ جو لوگ اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، ایف بی آر گاڑیاں خریدنے کا پراسس فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔

سلیم مانڈوی والا کے زیرصدارت خزانہ کمیٹی اجلاس میں وزیرخزانہ اور چیئرمین ایف بی آر نے شرکا کو بریفنگ دی، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ مجھے بھی دھمکی آمیز پیغامات ملے ہیں جو وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کو دکھاؤں گا۔

اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ کسٹم فیس لیس سسٹم میں تاحال خطرات کا خدشہ ہے، فیس لیس سسٹم کو خطرات سے بچانے کیلئے سٹڈی کر رہے ہیں۔