اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی محنت سےملک اب ٹیک آف کی پوزیشن میں آگیا ہے، موجودہ بجٹ میں معاشی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے حجاج کرام کو حج کی مبارکباد دی، وزیراعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں جاری بربریت عصر حاضر کا بدترین ظلم ہے،عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، گزشتہ سوا سال کئی چیلنجز کا سامنا رہا، عام آدمی اور تنخواہ دار طبقے نے بڑی قربانیاں دی ہیں، معیشت میں استحکام کے مثبت اشاریئے سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں معاشی طور پر مضبوط ملک کو شکست فاش دی ہے، معاشی میدان میں بھی مخالفین کو شکست دے کر ملکی مستقبل تابناک بنانے کے لیے پُرعزم ہیں، ملکی سلامتی و دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں معرکہ حق، بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کا بھی خصوصی تذکرہ کیا گیا، دفاع وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر شدید اظہار برہمی کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سب کو مل کر شبانہ روز محنت سے آگے بڑھنا ہوگا، معاشی کامیابیوں میں تمام اداروں نے کردار ادا کیا، بجٹ کے حوالے سے خزانہ سمیت تمام وزارتوں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے سے دستبردار نہیں ہوسکتا، بھارت پانی کو بطور ہتھیاراستعمال نہیں کر سکتا۔