وزیراعظم فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت کیلئے آج سعودی عرب جائیں گے

Published On 27 October,2025 09:16 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں وہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کے نویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے۔

فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو ایک عالمی پلیٹ فارم اور کانفرنس ہے جس کی میزبانی ایف آئی آئی انسٹی ٹیوٹ کرتا ہے، جو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، یہ فورم حکومت، کاروبار اور مالیاتی شعبے کے رہنماؤں کو یکجا کرتا ہے تاکہ وہ عالمی سرمایہ کاری، جدت اور انسانیت پر ان کے اثرات کے مستقبل پر گفتگو اور منصوبہ بندی کر سکیں۔

وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، ان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ریاض جائے گا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کابینہ کے سینئر ارکان شامل ہیں۔

بیان کے مطابق ایف آئی آئی نائن کے تحت عالمی رہنما سرمایہ کار، پالیسی ساز اور اختراع کار ایک جگہ جمع ہوں گے تاکہ ’خوشحالی کی کنجی: ترقی کی نئی سرحدیں کھولنے‘ کے موضوع پر غور و خوض کیا جا سکے۔

اس موقع پر موضوعاتی مباحثوں میں عالمی چیلنجز اور مواقع پر بات کی جائے گی، جن میں اختراع، پائیداری، معاشی شمولیت اور جغرافیائی و سیاسی تبدیلیوں جیسے اہم موضوعات پر توجہ دی جائے گی۔

سعودی عرب میں قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی قیادت کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے راستے تلاش کرنے پر بات کریں گے، اس بات چیت میں باہمی دلچسپی سمیت علاقائی اور عالمی امور بھی شامل ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ معاشی سفارت کاری کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی میں تزویراتی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ ایک ایسے موقع پر کر رہے ہیں، جب دونوں ملکوں نے رواں برس ستمبر میں ریاض میں ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے مطابق کسی ایک ملک پر حملہ دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران سعودی قیادت سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی وسائل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی راہیں تلاش کرنے کے لیے رابطہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور بھی زیر بحث آئیں گے، وزیراعظم اجلاس میں شریک دیگر ممالک کے رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت اور پائیدار ترقی میں تعاون کے حصول کی تیاری کو نمایاں کرے گا، دورہ اقتصادی سفارت کاری کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی میں سٹریٹجک شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل عرصے سے قریبی تعلقات چلے آ رہے ہیں اور گزشتہ برسوں میں اس تعاون کو وسیع کرنے کی کوشش کی گئی جس میں گزشتہ سال متعدد شعبوں میں 2.8 ارب ڈالر مالیت کی مفاہمت کی 34 یادداشتوں پر دستخط کرنا بھی شامل ہے۔