وزیراعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے وفد کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے وفد کی ملاقات

ملاقات میں آذربائیجان کے پبلک سروس اور سوشل سروس کے چیئرمین علوی مہدئیو، آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی نے بھی شرکت کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں وفاقی حکومت کی خدمات کو ایک چھت تلے فراہم کرنے کیلئے مزید آسان خدمت مراکز بنائے جائیں گے، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور حکومت کے معاونت میں شکرگزار ہیں، پاکستان میں حکومتی خدمات کے ایکو سسٹم کو یکسر بدلنے کیلئے کوشاں ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مرکز بنائے جائیں گے، آذر بائیجان حکومت نے اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے آسان خدمت مرکز کے قیام میں بھرپور معاونت کی، جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے خدمت مراکز میں باقاعدہ کارکردگی کے اہداف طے کرکے ہر سہ ماہی میں تھرڈ پارٹی پرفارمنس آڈٹ کروایا جائے گا، آسان خدمت مراکز میں خدمات بین الاقوامی معیار کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آسان خدمت مراکز میں مجموعی طور پر حکومتی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ سازی کی جائے، آئندہ مرحلے میں گلگت اور مظفر آباد اور پھر پورے پاکستان میں خدمت مراکز کے قیام کیلئے مدت کا تعین کرکے کام شروع کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے پاکستانی سفارت خانوں میں آسان خدمت مراکز کے کاؤنٹر بنائے جائیں۔

وزیرِ اعظم نے آذربائیجان کے پبلک سروس اور سوشل سروس کے چیئرمین علوی مہدئیو کے پاکستان کے دورے اور اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں اسلام آباد میں حال ہی میں قائم پاکستان کے پہلے آسان خدمت مرکز کے بارے بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے سیکٹر G-9 میں قائم پہلے خدمت سینٹر کی جلد توسیع کی جائیگی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آذربائیجان کی حکومت پاکستان بھر میں آسان خدمت مراکز کے قیام میں پاکستان کی بھرپور معاونت کرے گی، اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آسان خدمت مراکز میں شفافیت کیلئے نہ صرف انٹرنل آڈٹ بلکہ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے گی۔

آذری وفد نے بطور خادم پنجاب اور اب بطور وزیرِ اعظم ملک میں اصلاحات کے نفاذ اور نظام میں جدت لانے پر وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

آذری سفیر نے ملاقات میں بتایا کہ اسلام آباد اور آذربائیجان کے مابین ہفتہ وار تین پروازوں کے علاوہ مارچ میں مزید ایک پرواز کا اضافہ کیا جارہا ہے جس سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے، وزیرِ اعظم نے آذربائیجان کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔