خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگنا یا نہ لگنا صوبائی حکومت پر منحصر ہے: فیصل کریم کنڈی

Published On 04 December,2025 07:04 pm

صوابی: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کندی نے کہا کہ گورنر راج لگنا یا نہ لگنا صوبائی حکومت پر منحصر ہے۔

پرمولی فیڈر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وفاق سے تعاون کرے تو گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، دہشتگردی کے خلاف صوبائی حکومت کو وفاق سے تعاون کرنا ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس وقت دہشتگردی کا شکار ہے، افسران، سکیورٹی فورسز کے اہلکار اور شہری شہید ہو رہے ہیں، صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے اور اداروں کی مدد کرے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ملاقات کے لیے ہڑتال اور روڈ بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، عدالتی معاملات عدالت میں ہی حل کیے جائیں، صوبائی حکومت مسائل کو وفاق کے ساتھ افہام و تفہیم سے حل کرے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر راج لگانے کا اختیار آئین نے وفاقی حکومت کو دیا ہے، غیر قانونی افغان مہاجرین کو صوبے سے نکالنا پڑے گا۔