لاہور ہائیکورٹ: بلدیاتی ایکٹ 2025 پر سماعت، ایڈووکیٹ جنرل سے جواب کل طلب

Published On 22 December,2025 01:53 pm

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں بلدیاتی ایکٹ 2025 کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو کل تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

بلدیاتی ایکٹ کے خلاف دائر درخواستوں پر جسٹس سلطان تنویر کی سربراہی میں سماعت ہوئی جس میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی سمیت دیگر درخواست گزاروں کی جانب سے اظہر صدیق اور ابوزر سلمان نیازی جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی جی لا کمیشن خرم شہزاد پیش ہوئے، دوران سماعت محکمہ لوکل گورنمنٹ نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔

سرکاری وکیل نے بیان دیا کہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں گے اور پارٹی ٹکٹ بھی جاری ہو سکتے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس کا مطلب ہے کہ الیکشن غیر جماعتی نہیں ہوں گے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اگر حکومت یہی موقف رکھتی ہے تو ان کا کیس ختم ہو گیا ہے۔

ڈی جی لاء الیکشن کمیشن خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اور حکومت جو بھی ایکٹ لائے گی، ہم اس کے تحت الیکشن کرانے کے پابند ہیں، گزشتہ چار سالوں میں حکومت کو بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے تقریباً 80 خطوط لکھے گئے اور پنجاب حکومت نے الیکشن انتظامات کے لیے 10 جنوری کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل آفس سے جواب جمع نہ کرانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جواب جمع کرائے بغیر کیس آگے کیسے بڑھے گا اور درخواستوں پر کارروائی کل تک ملتوی کر دی گئی۔