خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر گامزن ہے، سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر پالیسیوں میں تسلسل اور شفافیت لانا ہوگی، معیشت کی بنیادوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں معیشت کی بہتری کیلئے بہترین اقدامات جاری ہیں، معاشی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کا تقاضا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا، پی آئی اے کی نجکاری سے قومی خزانے پر مالی بوجھ کم ہوگا اور ایئرلائن جدید خطوط پر استوار ہوگی، پی آئی اے کی نجکاری کے عمل سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، شفافیت اورمؤثر کارکردگی کیلئے ڈیجیٹل گورننس کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر پالیسیوں میں تسلسل اور شفافیت لانا ہوگی، حکومتی اداروں میں شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، معاشی ترقی کیلئے صرف باتوں سے آگے بڑھ کر ڈلیوی پر توجہ دینی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اپریل 2023 تک ملک کو کئی چیلنجز درپیش تھے، پاکستان میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بہترین پوٹینشل موجود ہے، آج تمام بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیز پاکستانی معیشت کو مستحکم قراردے رہی ہیں، ہمیں سنگین معاشی عدم توازن ورثے میں ملا، ہماری اولین ترجیح صرف اورصرف پاکستان کے طویل مدتی مفادات ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں اصلاحات صرف کمیٹیوں، ٹاسک فورسز اورپالیسی ڈرافٹس تک محدود رہیں، وزیراعظم کی قیادت میں معاشی اصلاحات پر واضح مقصد کے ساتھ عملدرآمد جاری ہے، ملکی معیشت کی درستگی محض عارضی اقدامات سے نہیں بلکہ مضبوط بنیادوں سے ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادائیگیوں میں نظم وضبط اورریگولیٹرز کو مضبوط بنا رہے ہیں، پاکستان میں معاشی ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔