جدہ: (دنیا نیوز) صومالی لینڈ تنازع پر او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سعودی عرب پہنچ گئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب پہنچنے پر پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور قونصل جنرل مصطفیٰ ربانی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا، اسحاق ڈار آج شام او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی او آئی سی رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی، اس کے علاوہ وہ جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی کا یہ ہنگامی اجلاس اسرائیل کی طرف سے صومالی لینڈ کو خود مختار ملک تسلیم کرنے کے اعلان اور اس کے بعد صومالیہ میں ہونے والی تیز تر اشتعال انگیز تبدیلیوں کے تناظر میں ہو رہا ہے، او آئی سی اسرائیل کے اس اعلان کو صومالیہ کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دے چکی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کی طرف سے صومالیہ کی عالمی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر اس کے اتحاد اور سلامتی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کریں گے اور اجلاس میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار رکن ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی وسیع تر تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ صومالی لینڈ صومالیہ کے شمال مغرب میں وہ خطہ ہے جس نے صومالیہ کی مرکزی حکومت کے خاتمہ کے بعد 1991ء میں اپنی آزادی کا اعلان کر دیا تھا، اب اس علاقے کی اپنی انتظامیہ، اپنا سکیورٹی نظام ہے اور یہاں وقفے وقفے سے الیکشن ہوتے رہتے ہیں، تاہم اسے ابھی تک اقوام متحدہ یا کسی بڑی عالمی تنظیم نے خود مختار ملک کے طور پر تسلیم نہیں کیا۔
اسرائیل کی طرف سے حال ہی میں صومالی لینڈ کو خود مختار ملک تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد نہ صرف صومالیہ بلکہ مسلم دنیا میں بھی بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے، پاکستان عالمی فورمز پر صومالیہ کی یکجہتی اور خود مختاری کی حمایت کرتا آیا ہے۔



