اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاشی فیصلوں کے لیے پلاننگ کمیشن کو مرکزی کلیئرنگ ہاؤس بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت معاشی اصلاحات پر اجلاس ہوا جس میں منصوبہ بندی کمیشن کے معاشی و ترقیاتی پالیسی میں مرکزی کردار کو اجاگر کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے پلاننگ کمیشن کو سٹریٹجک پالیسی سازی اور عوامی سرمایہ کاری کی نگرانی کے اختیارات دینے پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ منصوبہ بندی کمیشن وزیرِ اعظم کی براہِ راست قیادت میں اعلیٰ ادارہ ہونا چاہئے، اجلاس میں پالیسی و منصوبہ بندی ونگ اور علیحدہ ترقیاتی ونگ قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ تمام بڑے معاشی فیصلے قومی معاشی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہوں گے، احتساب اور کارکردگی کے لیے واضح KPIs مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر پائیدار اصلاحات کے ذریعے معاشی حکمرانی مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔



