اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئے سال پر مری میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی جس کے تحت 2 روز تک مری مال روڈ پر صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہو گی۔
ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیاح فیملیز کو پُر امن ماحول فراہم کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے، بیچلر ٹورسٹ مری مال روڈ کے سوا دیگر مقامات پر جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب ملکہ کوہسار مری گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہے جہاں نئے سال کی خوشیاں منانے کیلئے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، محکمہ موسمیات نے آج سے 2 جنوری تک بارشوں اور برف باری کا امکان ظاہر کر دیا۔
مری و گلیات میں متوقع برف باری پر محکمہ ہائی وے پنجاب نے الرٹ بھی جاری کر دیا، اعلیٰ حکام نے محکمہ ہائی وے کو مکمل الرٹ رہنے، برف ہٹانے کیلئے مشینری ہمہ وقت فعال رکھنے کی ہدایت کر دی۔



