شنگھائی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کہا کہ شنگھائی کی ترقی ہر شہر کیلئے قابل تقلید ہے، اسلام آباد کو بھی شنگھائی کی طرز پر ڈویلپ کرنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے شنگھائی کے اربن پلاننگ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، شنگھائی اربن پلاننگ کی ہیڈ میڈم چن نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا اور شنگھائی شہر کی ماسٹر پلاننگ ڈویلپمنٹ اور سہولتوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کو شنگھائی میں شہری سہولیات کے ساتھ ترقی کے تیز رفتار نظام کے بارے بریف کیا گیا، وڈیوز اور ماڈلز کے ذریعے شنگھائی کے ترقی کے سفراور ماسٹر پلان کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے شنگھائی کے جدید سہولتوں سے آراستہ سٹیڈیم کا ماڈل بھی دیکھا اور شنگھائی اربن پلاننگ کے تحت تمام معلومات کو جدید طرز پر یکجا کرنے کے نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کی تعریف کی۔
انہوں نے شنگھائی اربن پلاننگ کے تحت شہر کے نظام کو مربوط اور فول پروف بنانے کے اقدام کو بھی سراہا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شنگھائی شہر تیز ترین ترقی میں اپنی مثال آپ ہے، شنگھائی کی ترقی ہر شہر کیلئے قابل تقلید ہے، اسلام آباد کو بھی شنگھائی کی طرز پر ڈویلپ کرنا چاہتے ہیں، شنگھائی کی تیز رفتار ترقی سے استفادہ کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیٹرز بک میں تاثرات بھی درج کئے۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شنگھائی سپیشل پولیس فورس بیورو کا دورہ

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے شہر شنگھائی میں شنگھائی سپیشل پولیس فورس بیورو کا دورہ کیا، چیف آف کمانڈنگ سینٹر سپیشل پولیس فورس بیورو نے ان کا خیر مقدم کیا۔
وزیر داخلہ نے سپیشل فورس کی پیشہ وارانہ مہارت، تربیت اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ دیکھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شنگھائی سپیشل پولیس فورس اور اسلام آباد پولیس فورس کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا، شنگھائی سپیشل پولیس فورس کی تربیت کا اعلیٰ معیار قابل تحسین ہے۔



