ٹوبہ ٹیک سنگھ(دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹریفک حادثات میں بچے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جھنگ روڈ موٹر وے الہڑ انٹرچینج کے قریب پیش آیا جہاں لیہ چوک اعظم سے فیصل آباد جانے والا مزدا ٹرک الٹ گیا جس میں سوار چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ مزدا میں تقریباً 50 کے قریب بھیڑ، بکریاں لدی ہوئی تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹرک کا ٹائی راڈ کھلنے کے باعث پیش آیا ،حادثے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے، ریسکیو اہلکاروں نے مرنے والے افراد اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا جہاں زخمیوں کا علاج ومعالجہ جاری ہے ۔
دوسرا حادثہ دھند کے باعث لاہور روڈ پر مانگنی پل کے قریب کیری ڈبہ اور ٹرالی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا جس میں کیری ڈبہ میں سوار 6 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا جب کہ ڈرائیور معمولی اور خاتون شدید زخمی ہوئی۔
ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ کیری ڈبہ سوار فیملی میانوالی سے سیالکوٹ جا رہی تھی، مرنے والے بچے، زخمی خاتون اور ڈرائیور کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔



