اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگ میں ہمارے جہاز ٹیسٹ ہوگئے، معرکہ حق کے بعد ہمیں اتنے آرڈرمل رہے ہیں کہ 6 ماہ بعد آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کا جواب پوری دنیا نے دیکھا کہ مودی کو پھینٹی پڑی، نریندر مودی کی نہ ملک اور نہ بیرون ملک عزت رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران بھارت نے امریکا کو اپروچ کیا، چین سے بھی رابطہ کیا تھا، اب بھی بھارت نے جارحیت کی تو ویسے ہی جواب دیا جائے گا، پاکستانی فوج کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے، مئی 2025 کی جنگ کے بعد بھارت کا اعتماد تباہ ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2025 میں بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد اتنے جہازوں کے آرڈر مل رہے ہیں کہ 6 ماہ میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، بھارت کوئی بھی ایڈونچر کرنے کی پوزیشن میں نہیں، بھارت نے جارحیت کی تو ویسے ہی جواب دیا جائے گا، جیسا کہ مئی میں دیا گیا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی قابل اعتبار نہیں یہ بھارت سے ملے ہوئے ہیں، کے پی حکومت کے لوگ ٹی ٹی پی کو بھتہ دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وینزویلا کے صدر کا اغوا اور ٹرائل کوئی اچھا شگون نہیں، دنیا کا موسٹ وانٹڈ کرمنل نیتن یاہو ہے، اگر امریکا انسانیت کا دوست ہے تو وہ نیتن یاہو کو اغوا کرے، ایران کے معاملے پر نیتن یاہو نے امریکا کو بے وقوف بنایا۔



