راولپنڈی:(دنیا نیوز)جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مدارس کے معاملے پر ہمیں پریشان نہ کریں ورنہ بڑی آزمائش بن جائیں گے۔
پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے دارالعلوم تعلیم القرآن راجہ بازار میں توحید و سنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مدرسوں کو اپنے قبضے میں لینے کی خواہش ہے جب کہ پی آئی اے نجی ملکیت میں بیچ دی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مدرسے پہلے ہی نجی ملکیت میں ہیں، جہاں ہم گیس، پانی، بجلی، کتاب، رہائش مفت دیتے اور پڑھاتے ہیں، اِس سے بڑھ کر رفاعی ادارہ کونسا ہو سکتا ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمیں آپ کو بتانا ہے مدرسے اور علماء کی پشت پر اڑھائی سو سالہ قربانیوں کی تاریخ موجود ہے ، قرآن اور حدیث کے علوم کی حفاظت مدرسہ میں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو پہلے سے علمی ادارے تھے جب اِن کے ہاتھ گئے تو اُن کی منزلت کم ہوگئی ، مدارس کی انشاءاللہ حفاظت کریں گے، سیاست انبیاء کا وظیفہ ہے،اگر ہم وارث ہیں تو انبیاء کےمصلے اور انکے منبر کے بھی وارث ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ مکالمے اور مذاکرات کا راستہ دیکھا، مذاکرات سے مسائل حل کئے آپ سے معاہدے ہوئے اور اُن سے قانون سازی ہوئی ، ہمیں پریشان نہ کریں ورنہ ہم تمہارے لئے مخالف جماعت سے بڑھ کر آزمائش بن جائیں گے۔
سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ اگر نعرے لگانے کی بجائے آپ عملی کام کر رہے ہوتے تو پنجاب میں آپ کے علاوہ کوئی نہیں جیت سکتا تھا۔



