یاسین ملک کی آزادی بارے عوامی رابطہ مہم، مشعال ملک کا بیٹی کے ساتھ راجہ بازار کا دورہ

Published On 08 January,2026 07:58 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) تہاڑ جیل میں پابند سلاسل حریت رہنما یاسین ملک کی آزادی کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم کے تحت ان اہلیہ مشعال ملک اور بیٹی نے راولپنڈی کے راجہ بازار باجوڑ پلازہ کا دورہ کیا۔

مشعال ملک نے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کشمیر کی تحریک سیاست نہیں، قربانی اور انسانیت کی تحریک ہے، ہم تخت نہیں، تختہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ووٹ یا اقتدار کے لیے نہیں نکلے، کشمیری اور فلسطینی آج حق و باطل کی سب سے بڑی جنگ لڑ رہے ہیں، مودی کے دور میں مقبوضہ کشمیر میں بدترین نسل کشی جاری ہے، مساجد شہید کی جا رہی ہیں، مندروں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ خاموشی ظلم کو طاقت دیتی ہے، خوف کے بت توڑنا ہوں گے، کشمیری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزتیں پامال کی گئیں، لاکھوں کشمیری شہید، ہزاروں لاپتہ ہو گئے، دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یاسین ملک ساڑھے چھ سال سے تنہائی سیل میں قید ہیں، یاسین ملک کو وکیل، اہلِ خانہ اور ملاقات کا حق نہیں دیا جا رہا، 28 جنوری کو یاسین ملک کو ممکنہ پھانسی کا خدشہ ہے، میں صرف اپنے شوہر کے لیے نہیں، لاکھوں شہداء کے لیے نکلی ہوں۔

مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پاکستانی قوم کشمیریوں کے لیے جواب دہ ہے، ظلم کے خلاف نکلنے والی قوموں کی مدد اللہ خود کرتا ہے، ہم لیڈر نہیں، ہم مجاہد ہیں،عوام کا سچ کے لیے نکلنا اللہ کی مدد کو دعوت دیتا ہے۔