لاہور: (دنیا نیوز) موٹروے پولیس نے شدید دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔
موٹروے ایم 1 صوابی سے برہان تک، ایم 2 اسلام آباد سے للہ انٹر چینج تک جبکہ ایم 4 شیر شاہ سے شام کوٹ تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے روہڑی تک اور ایم 14 بھی فتح جھنگ سے کوٹ بیلیاں تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔
اس کے علاوہ قومی شاہراہوں پر بھی شدید دھند کا راج ہے، دھند کے باعث سیہون سے لاڑکانہ تک انڈس ہائی وے پر مختلف مقامات پر حدِ نگاہ صفر سے 15 میٹر رہ گئی، قومی شاہراہ پر سکرنڈ سے میرپور ماتھیلو تک بھی شدید دھند سے حد نگاہ شدید متاثر ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ دھند کے اوقات میں شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دھند کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں، آگے اور پیچھے چلنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اوورٹیکنگ سے اجتناب کریں اور لین کی پابندی کریں، دھند کے باعث ڈرائیونگ دشوار ہو جاتی ہے، ڈرائیونگ میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے، کسی بھی ایمرجنسی یا مدد کی صورت میں موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔



