خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

Published On 11 January,2026 09:23 pm

خیبر: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ٹی) نے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں شاہ کس بائے پاس روڈ پر واقع ناکے کلے میں فتنہ الخوارج کی تشکیل کو نشانہ بنایا جس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد فتنہ الخوارج کے سرگرم ارکان تھے، جو فورسز پر حملوں سمیت قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث رہے ہیں، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے 3 کلاشنکوفیں اور بارود برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی نے بیان میں بتایا کہ آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اور ایڈیشنل آئی سی ٹی ڈی نے کامیاب آپریشن پر محکمہ انسداد دہشت گری کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز کے جوانوں کو شاباش دی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے سر ہتھیلی پر رکھ کر لڑنے والے جوان عزم و ہمت کے پیکر اور ملک عزیز کا فخر ہیں۔